نواز شریف کے خلاف تاریکی میں بغاوت کامقدمہ بنایا گیا، شاہد خاقان عباسی


سابق وزیراعظم اور ن لیگ کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے خلاف غداری کا پرچہ حکومت نے ہی درج کیا ہے

مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت غداری کے مقدمے کی پیروی خود کرلے، نواز شریف کے خلاف غداری کا پرچہ حکومت نے ہی درج کیا ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ تاریکی میں بغاوت کامقدمہ بنایا گیا، ملک میں آج کوئی گورننس نہیں ہے، وزراچار روز سے غداری کے الزامات لگارہے ہیں، فواد چودھری ہر روز پریس کانفرنس کرکے غداری کے الزامات لگاتے ہیں۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کرائے کے ترجمانوں کیلئے یہ بہت نادر موقع ہے کہ کیس میں شامل ہوجائیں، جبکہ اس ایف آئی آر کی وہی حیثیت ہے جو حکومت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نہیں کہتے کہ ایف آئی آر ختم کریں، جلسوں میں اپنا مقدمہ عوام کے سامنے رکھیں گے، جلسے ہوں گے ریلی ہوگی اس کے بعد اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر برائی کو دور کرنے کے لیے تھوڑی تکلیف برداشت کرنی پڑتی ہے، تھوڑی تکلیف ہوگی لیکن برائی ختم ہوجائے گی، جب عوام کی زبان پر آ جائے ہماری ان سےجان چھڑائیں تووہ حکومت نہیں رہ سکتی۔