بجلی کی قیمتوں میں اضافہ عوام کے ساتھ ظلم و نا انصافی ہے، جماعت اسلامی


امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کے الیکٹرک کے ٹیرف میں 2.89روپے اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے کراچی کے عوام کے ساتھ ظلم و نا انصافی ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کراچی کے شہریوں کے لیے کے الیکٹرک کے ٹیرف میں 2.89روپے اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے کراچی کے عوام کے ساتھ ظلم و نا انصافی قرار دیا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے مہنگائی کے ستائے عوام پر بجلی بم گرا دیا ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے مطالبہ کیا کہ بجلی کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ واپس لیا جائے۔ کے الیکٹرک کو ٹیرف میں اضافہ کرکے اسے نوازنے کے بجائے عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف دینے کا پابند کیا جائے۔

ایسے وقت میں جب کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کرنے اور اسے قومی تحویل میں لینے کے مطالبات کیے جا رہے ہیں حکومت اسے سہولت اور تحفظ فراہم کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک سے یہ کیوں نہیں پوچھا جاتا کہ اس نے اپنی کارکردگی بہتر بنانے اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ کرنے کے لیے معاہدے کے تحت کی جانے والی سرمایہ کاری کیوں نہیں کی۔

حافظ نعیم نے کہا کہ وزیر اعظم نے بجلی کے نرخوں میں اضافے کو موخر کرنے کا اعلان کیا تھا مگر تھوڑے ہی عرصے بعد وہ اپنا وعدہ اور اعلان بھی بھول گئے۔