کابل دہشت گردانہ حملہ، ایران اور پاکستان کی شدید مذمت/افغان عوام اور حکومت سے اظہار ہمدردی
اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان نے کابل میں ہونے والے حملے کی مذمت کرتے ہوئے افغان عوام اور حکومت سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زاده کا کہنا ہے کہ ایران ہرقسم کے دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کرتاہے،ہم اپنے افغان بھائیوں کے اس غم میں برابر کا شریک ہیں۔
سعید خطیب زاده نےجاں بحق ہونے والوں کے اہلخانہ کو تعزیت پیش کرتے ہوئے ان کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا اور کہا کہ ایران آج اس غم میں سوگوار ہے۔
پاکستان نے کابل خود کش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پرامن اور مستحکم افغانستان کی حمایت جاری رکھے گا۔
پاکستانی دفتر خارجہ سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کابل میں دہشت گردانہ حملے میں کئی معصوم انسانی جانوں کا ضیاع ہوا، جس کا بہت افسوس ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ متاثرین کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا گوہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز افغانستان کے دارالحکومت کابل میں قائم ایک تعلیمی مرکز کے باہر خودکُش حملے میں 18 افراد جاں بحق اور 57 زخمی ہوگئے تھے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔