پاکستان؛ کرونا وائرس کے مریضوں میں اضافہ/ عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار


حکومت کی جانب سے ملک بھر میں ماسک سے متعلق پابندی کا اطلاق آج سے ہوگا، جس کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ، عوامی اجتماع ، مارکیٹوں ،بس اڈوں اور ریلوے اسٹیشنوں پر سب کو ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، کرونا  کی دوسری لہر کے پیش نظر ملک بھر میں آج سے عوامی مقامات پرماسک پہننا لازم ہوگا جبکہ رات دس بجے تک کاروبارزندگی بند رکھنے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔

بڑھتے ہوئے کرونا کیسز کے باعث کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، ملتان، گلگت، مظفرآباد ، پشاور ، کوئٹہ اور حیدرآباد سمیت دیگر شہروں میں پابندی کا اطلاق ہوگا۔

ان تمام شہروں میں مارکیٹیں،شاپنگ مالز ،شادی ہالز،ریسٹورنٹس وغیرہ کوہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ رات دس بجے تک اپنے معاملات بند کردیں، اس کے علاوہ میڈیکل سٹورز،کلینک اورہسپتال مریضوں کوخدمات فراہم کرتے رہیں گے۔

تفریحی مقامات اورپبلک پارکوں کوشام چھ بجے تک بند کرنے کے احکامات جاری کئے گئے، این سی او سی نے بڑے شہروں میں کرونا کے کیسز دو فیصد سے زائد ہونے کے بعد یہ فیصلے کئے۔

خیال رہے وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں ماسک نہ پہننے پر دفعہ 144 نافذ کردی گئی تھی اور کہا گیا تھا کہ ماسک نہ پہننے پر جرمانہ اور پولیس کی جانب سے گرفتاری عمل میں لائی جاسکتی ہے۔

گذشتہ روز این سی اوسی نے گھر سے نکلتے وقت فیس ماسک پہننا لازمی قرار دیتے ہوئے کہا تھا عوامی مقامات، رش والی جگہوں پرفیس ماسک لازمی پہنیں جبکہ سرکاری و نجی دفاتر میں ماسک لازمی پہننا ہو گا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 908 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے، جس سے ملک میں کرونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 31 ہزار 108 ہو گئی ہے۔

ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے مزید 16افراد کے انتقال کے بعد پاکستان میں کرونا سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 775 ہو گئی ہے، جب کہ 581 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

این سی او سی کا کہنا ہے کہ اس وقت پاکستان میں کرونا کے 11 ہزار 695 مریض زیر علاج ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 824 کرونا مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد ملک میں کروناسے صحت یاب افراد کی تعداد 3 لاکھ 12 ہزار 638 ہوگئی۔

کرونا وائرس کی تشخیص کے لیے ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران 29 ہزار 449 ٹیسٹ کیے گئے، مجموعی طور پر اب تک پاکستان میں 43 لاکھ 76 ہزار 604 کرونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

خیال رہے کہ نہایت مہلک اور نئے کرونا وائرس کو وِڈ 19 کی پہلی لہر کو پاکستان میں بہترین حکمت عملی سے قابو کیا گیا تھا، اب دوسری لہر شروع ہو چکی ہے، جسے قابو کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔