ابھی نندن کو جینیوا کنونشن کے تحت رہا کرنے کا فیصلہ کیا: ترجمان پاک فوج


پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخارنے کہا ہے کہ بھارتی پائلٹ ابھی نندن کی رہائی کو کسی اور چیز سے جوڑنا انتہائی گمراہ کن ہے، یہ چیز کسی بھی پاکستانی کے لیے قابل قبول نہیں ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، راولپنڈی میں پرس بریفنگ دیتے ہوئے میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ آج کی پریس کانفرنس کا ون پوائنٹ ایجنڈا ریکارڈ کی درستگی ہے، گزشتہ روز ایک بیان دیا گیا جس میں تاریخ کو مسخ کرنے کی بات کی گئی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ابھی نندن کو جینیوا کنونشن کے تحت رہا کرنے کا فیصلہ کیا گیا، پاکستان کے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر ایک موقع دیتے ہوئے ابھی نندن کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا، پاکستان کے ابھی نندن کے رہا کرنے کے فیصلے کو پوری دنیا نے سراہا۔

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار  کا کہنا ہے کہ کل ایک ایسا بیان دیا گیا جس میں تاریخ کو مسخ کرنے کی بات کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ایسے منفی بیانیے کے قومی سلامتی پر براہ راست منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں، منفی بیانیہ بھارت کی شکست اور ہزیمت کو کم کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پلوامہ واقعے کے بعد بھارت نے 26 جنوری کو ناصرف منہ کی کھائی بلکہ پوری دنیا میں ہزیمت بھی اٹھائی، دشمن کے جہاز جو بارود پاکستان کے عوام پر گرانے آئے تھے وہ خالی پہاڑوں پر پھینک کر چلے گئے۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ افواج پاکستان کے چوکنا رسپانس نے دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا، پاکستان نے اعلانیہ ہندوستان کو دن کی روشنی میں جواب دیا، دشمن کے 2 جہاز گرائے، پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار کیا گیا، اللہ کی نصرت سے ہمیں ہندوستان کے خلاف واضح فتح نصیب ہوئی اور پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہوا، پاکستان کی فتح کو دنیا بھر میں تسلیم کیا گیا۔