شامی فوج نے تکفیری دہشت گردوں سے مزید کئی علاقے آزاد کرالئے
شامی فوج نے ادلب کے مضافات میں امریکا اور اسرائیل کے حمایت یافتہ تکفیریوں سے مزید کئی اہم علاقے آزاد کرالئے ہیں۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، شامی فوج نے گزشتہ رات امریکا، اسرائیل اور ترکی کے حمایت یافتہ تکفیری دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کرکے ادلب کے جنوب مشرقی شہر ''سراقب'' کو مکمل طور پرآزاد کرالیا ہے۔
سانا نیوز نے خبر دی ہے کہ شامی فوج نے سراقب نامی شہر پر کنٹرول حاصل کرنے کے بعد شہر کے مضافاتی علاقوں کی طرف پیشقدمی کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، شامی فوج نےگزشتہ روز النصرہ فرنٹ اور اجناد القوقاز نامی دہشت گرد تنظیم کے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا آغاز اور تکفیریوں سے «دادیخ» اور «کفر بطیخ» کوبھی آزاد کرالیا۔
اسپونٹک نیوز نے خبر دی ہے کہ شامی فوج اور تکفیری دہشت گردوں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کے نتیجے میں کم سے کم 60 دہشت گرد ہلاک اور متعدد دیگر شدید زخمی ہوگئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شامی فوج کے حملوں کے بعد متعدد دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ فوج کا کہنا ہے فرار ہونے والے دہشت گردوں کا تعاقب جاری ہے۔