سیکیورٹی خدشات؛ پاکستان کے متعدد شہروں میں موبائل سروس معطل


سیکیورٹی خدشات؛ پاکستان کے متعدد شہروں میں موبائل سروس معطل

یوم عاشور کے موقع پر سیکیورٹی خدشات کی بنا پر دارالحکومت اسلام آباد سمیت پاکستان کے بہت سے شہروں میں موبائل سروس معطل ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق یوم عاشور کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لئے گذشتہ سالوں کی طرح آج بھی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پاکستان کے بہت سے شہروں میں موبائل سروس معطل ہے۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے علاوہ عاشورہ محرم کے موقع پر کوئٹہ شہر میں موبائل فون سروس معطل ہے۔ اس کے علاوہ ٹوبہ ٹیک سنگھ بھر میں موبائل فون سروس صبح 6 سے رات 10 بجے تک معطل رہے گی جب کہ مظفرگڑھ کے بھی چند حساس ترین مقامات پر موبائل فون سروس معطل رہےگی۔

علاوہ ازیں استور، ڈیرہ اسماعیل خان اور کوہاٹ میں بھی موبائل فون سروس بند رکھی جائے گی۔

اسی طرح صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے دیگر اضلاع میں موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل ہے۔ جبکہ پشاور صدر اور اندرون شہر میں موبائل فون سروس کی بندش جاری ہے۔

پشاور کے علاوہ نوشہرہ، کوہاٹ، ہنگو، مردان، ایبٹ آباد، ہری پور میں بھی موبائل سروس جزوی طور معطل ہے۔

دوسری جانب ضلع رحیم یارخان بھر میں بھی موبائل سروس مکمل طور پر بند کردی گئی ہے۔

جبکہ سندھ حکومت بھی اعلان کرچکی ہے کہ 9 اور 10 محرم کو صوبے میں موبائل فون سروس بند رہے گی تاہم ابھی تک اس پر مکمل عمل درآمد کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔

کراچی، حیدرآباد، سکھر، شہید بے نظیرآباد اور لاڑکانہ میں موبائل سروس جزوی طور پر معطل ہے۔

محکمہ داخلہ ذرائع کے مطابق حساس علاقوں میں سروس آج رات 10 بجے تک معطل رہے گی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری