آپریشن کریں تو شریف برادران کی ملوں میں بھارتی جاسوس ملیں گے/ قادری کا الزام اور شریف خاندان کی تردید


آپریشن کریں تو شریف برادران کی ملوں میں بھارتی جاسوس ملیں گے/ قادری کا الزام اور شریف خاندان کی تردید

عوامی تحریک کے سربراہ کا کہنا ہےکہ اگر پنجاب میں آپریشن ہوا تو شریف برادران کی شوگر ملوں سے بھارتی جاسوس نکلیں گے جبکہ شریف خاندان نے اس الزام کی سختی سے تردید کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر قادری پر ہتک عزت کا دعویٰ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق،  لاہور میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ شریف فیملی کی شوگر ملوں میں 300 بھارتی شہری کام کر رہے ہیں جن کو واہگہ بارڈر پر خصوصی پروٹوکول ملتا ہے۔

ایکسپریس نیوز نے ڈاکٹر طاہرالقادری کے بیان سے نقل کیا ہے کہ پنجاب حکومت صوبے میں رینجرز اور فوج کے آپریشن کی اجازت نہیں دیتی کیونکہ پنجاب میں آپریشن ہوا تو شریف برادران کی شوگر ملوں سے بھارتی جاسوس نکلیں گے۔

شریف فیملی کی شوگر ملوں میں 300 بھارتی کام کررہے ہیں جنہیں حکومت نے ملٹی پل ویزے دئے ہیں۔

اس زمرے میں امت نیوز نے خبر دی ہے کہ ڈاکٹر طاہر قادری نے شریف برادران کی ملوں میں کام کرنے والے 50 بھارتی شہریوں کے نام بھی بتا ڈالے ہیں۔

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے حکومت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر ان کی باتوں میں سچائی نہیں ہے تو شریف حکومت ان کی باتوں کی تردید کیوں نہیں کرتی؟

دوسری جانب شریف فیملی کی جانب سے ڈاکٹر طاہرالقادری کے ان الزامات کی تردید سامنے آئی ہے۔

ترجمان شریف فیملی نے طاہرالقادری کے الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ شریف فیملی کی شوگر مل میں کوئی بھارتی کام نہیں کرتا۔

شریف برادران کی ملوں میں بھارتی شہریوں کے کام کرنے کا الزام لگانے پر ڈاکٹر طاہر قادری کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ چند روز میں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی جانب سے شریف برادران پر ان کی ملوں میں بھارتی شہریوں کے کام کرنے کے بیانات مسلسل سامنے آرہے ہیں جس کے رد عمل کے طور پر بالآخر شریف فیملی کی جانب سے نہ صرف تردید سامنے آئی ہے بلکہ ڈاکٹر طاہر قادری کے بیان کو بےبنیاد ٹھہراتے ہوئے ان کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری