پاکستان عوامی تحریک کا تحریک انصاف کے رائیونڈ مارچ کا حصہ بننے سے انکار


پاکستان عوامی تحریک کا تحریک انصاف کے رائیونڈ مارچ کا حصہ بننے سے انکار

پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے قائدنے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کے ساتھ رائیونڈ کی جانب ہونے والی مارچ کا حصہ بننے سے انکار کردیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے نقص امن کے خدشے کے پیش نظر تحریک انصاف کے ساتھ رائیونڈ کی جانب مارچ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

سربراہ عوامی تحریک کے بیان کے مطابق، لوگوں کے گھروں پر حملہ کرنا شریف برادران کی روایت ہے لیکن ہم ان کی سطح پر نہیں جائیں گے۔

رائیونڈ کی طرف مارچ میں امن و امان کو خطرہ ہے اس لئے ہماری تحریک اس مارچ کا حصہ نہیں بنے گی۔

ڈاکٹر قادری نے نواز شریف کی ملوں میں بھارتی ملازمین کی موجودگی کے اپنے الزام کے دفاع میں ویزا فارم کی کاپیاں میڈیا نمائندوں کو دکھاتے ہوئے کہا کہ بھارتی شہریوں کو ریکارڈ میں ملازم ظاہر نہیں کیا جاتا۔ 

انہوں نے اپنی بات آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ وہ آج تک ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملے نہ ہی کبھی ان کی تعریف کی۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری چند روز سے اپنے بیانات میں شریف خاندان پر یہ الزام عائد کر رہے ہیں کہ ان کی شوگر ملوں میں لگ بھگ 300 بھارتی ملازمین موجود ہیں۔

کہا جاتا ہے کہ ڈاکٹر قادری نے ان میں سے 50 بھارتی شہریوں کے نام تک بتا دئے ہیں۔

شریف خاندان کی جانب سے اس الزام کی نہ صرف تردید سامنے آئی ہے بلکہ انہوں نے ڈاکٹر طاہر القادری پر ہتک عزت کا دعویٰ بھی دائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

خیال رہے کہ عمران خان اپنے کراچی جلسے میں 24 ستمبر کو رائیونڈ کی طرف مارچ کرنے کا اعلان کر چکے ہیں، جس کے بعد انہوں نے بیان دیا تھا کہ مارچ کی تاریخ میں تبدیلی ممکن ہے لیکن مارچ حتمی طور پر ماہ محرم سے پہلے ہوگی اور اس مارچ میں پورا ملک رائیونڈ پہنچے گا۔

تاہم ڈاکٹر طاہر قادری نے نقص امن کے خدشے کے پیش نظر تحریک انصاف کے ساتھ رائیونڈ کی جانب مارچ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری