پاکستان کی شمالی کوریا کے جوہری تجربے کی مذمت


پاکستان کی شمالی کوریا کے جوہری تجربے کی مذمت

پاکستان نے شمالی کوریا کی جانب سے کئے جانے والے جوہری تجربے کو اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔

تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق، پاکستان نے شمالی کوریا کے جوہری تجربے کو اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قرار دادوں کی خلاف ورزی اور شمالی کوریا کے مقاصد کے منافی  قرار دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، شمالی کوریا کے سرکاری ٹی وی پر اعلان کیا گیا تھا کہ اس کے جوہری سائنسدانوں نے ملک کے شمال میں جوہری تجربہ کیا ہے جس کے بعد عالمی سطح پر اس کی شدید مذمت کی گئی۔

اسی سلسلے میں پاکستان نے بھی شمالی کوریا کے جوہری تجربے کی مذمت کرتے ہوئے اسے اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قرار دادوں کی خلاف ورزی گردانا ہے۔

پاکستان نے اپنا مؤقف واضح کرتے ہوئے بیان دیا ہے کہ تمام ممالک اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کریں اور کسی ایسے اقدام سے گریز کریں جس سے خطے کے امن اور استحکام کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہو۔

واضح رہے کہ شمالی کوریا اپنے ایٹمی پروگرام کی وجہ سے 2006ء سے اقوام متحدہ کی پابندیوں کی زد میں ہے تاہم اس کے باوجود وہ گاہے بگاہے ایٹمی تجربات کرتا رہا ہے۔

یہ شمالی کوریا کا پانچواں اور اب تک کا سب سے بڑا جوہری تجربہ ہے۔

شمالی کوریا کی جانب سے نئے ایٹمی تجربے کے بعد عالمی طاقتوں نے اس پر مزید پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ شروع کر دیا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بانکی مون نے بھی سیکیورٹی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ شمالی کوریا کے خلاف کارروائی کرے۔

شمالی کوریا کے خلاف سخت کارروائی اور پابندیوں میں اضافے کا مطالبہ کرنے والے ممالک میں امریکہ، فرانس، روس، چین، جاپان اور برطانیہ شامل ہیں۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری