سپاہ پاسداران، انقلاب اسلامی ایران کی اندرونی اور بیرونی سلامتی کا ذمہ دار ہے


حضرت آیت اللہ امام خامنہ ای نے اس بیان کے ساتھ کہ ایران کو خطے میں امریکی مداخلت کے مقابلے میں ثابت قدم رہنا ہوگا، فرمایا کہ ایران کی اندرونی اور بیرونی سلامتی سپاہ پاسداران کے غیور جوانوں کی ذمہ داری ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم نے آیت اللہ العظمیٰ حضرت سید علی خامنہ ای کے نشر و اشاعت کے دفتر کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ سپاہ پاسداران کے مسئولین اور کمانڈروں نے اپنے سپریم لیڈر سے ملاقات کا شرف حاصل کیا ہے۔

تمام مسلح افواج کےسپریم کمانڈر امام خامنہ ای نے اپنے خطاب میں سپاہ پاسداران کو "انقلاب کا مضبوط گڑھ" اور اندرونی اور بیرونی سلامتی اور دفاع کا اہم عنصر، ممتاز تشخص اور ملکی ترقی کی ضرورت اور امنگوں کی طرف حرکت قرار دیا اور اسلامی نظام کے خلاف نرم طاقت کے اہم عوامل اور اخلاقی انحرافات میں سے کچھ  کی طرف اشارہ کیا اور فرمایا: اسلامی جمہوریہ ایران کی نرم طاقت کا ایک اہم جزو سامراجی طاقتوں خاص طور پر امریکہ پر بالکل عدم اعتماد ہے اور اس بد اعتمادی میں روز بروز اضافہ کرنا چاہئے۔

انہوں نے حضرت امام خمینی(رہ) کے ایک فرمان (اگر سپاہ پاسداران نہ ہوتے توملک بھی نہ ہوتا ) کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا: یہ ایمانی، جہادی، انقلابی اور آ گے بڑھنے کی ایک تحریک ہے۔ ملک اور انقلاب کی حفاظت بھی اس اہم عنصر کے تسلسل کے ساتھ مشروط ہے۔

امام خامنہ ای نے معاشرے کی اخلاقی اور مادی ترقی کے لئے "امن اور سلامتی" کو اہم قرار دیتے ہوئے فرمایا: داخلی اور خارجی سلامتی کی ذمہ داری سپاہ پر ہے۔

اگر کوئی بیرونی سیکورٹی کا خیال نہ رکھے اور دشمن کو باہر سے نہ روکے تو داخلی سلامتی بھی خطرے میں پڑجائے گی۔