روسی جنگی جہازوں کی داعش کے ٹھکانوں پر مسلسل بمباری


شام کے مشرق میں دیرالزور میں موجود داعش کے ٹھکانوں پر روسی جٹ طیاروں نے شدید حملے کئے ہیں۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، روسی اور شامی جنگی جہازوں نے دیرالزور کے داعش کو امداد پہنچانے والے اہم راستوں پر فضائی حملے کئے ہیں۔

شامی جنگی جہازوں نے دہشت گرد گروہ داعش کو امداد رسانی منقطع کرنے کی خاطر دیرالزور کے السیاسہ پل کو فضائی حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔

جنگی طیاروں نے گولہ بارود پہنچانے والے لائنوں اور داعش کو فوجی سازوسامان پہنچانے والے اہم راستوں پر حملہ کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، ان حملوں کی وجہ سے داعش کی پیش قدمی رک گئی ہے اور شامی فوج نے بعض اہم چیک پوسٹوں پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔

«جبل الثرده» کے اطراف میں شامی فوج اور داعش کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہیں۔

یاد رہے کہ امریکہ اور روس کے تعاون سے چند روز پہلے شام میں جنگ بندی کا معاہدہ ہوا تھا تاہم بعض مسلح گروہوں کی جانب سے اس کی خلاف ورزی کی گئی ہے جبکہ امریکی افواج نے بھی دہشت گردوں کے بجائے شامی فوج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 62 شامی فوجی جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔