انصاف کے تمام راستے بند ہو جائیں تو لوگ سڑکوں پر نکلتے ہیں، ڈاکٹر قادری


انصاف کے تمام راستے بند ہو جائیں تو لوگ سڑکوں پر نکلتے ہیں، ڈاکٹر قادری

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر قادری کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات حکمران جماعت نے خود پیدا کئے ہیں۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، برطانیہ میں موجود پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر قادری نے کہا ہے کہ جب لوگوں پر انصاف کا دروازہ بند ہو جائے تو وہ مجبورا سڑکوں پر نکل آتے ہیں۔

روزنامہ پاکستان نے ان کے بیان سے نقل کیا ہے کہ ہر جماعت اپنا لائحہ عمل خود طے کرتی ہے۔

پاکستان عوامی تحریک بھی ایک خود مختار جماعت ہے اور اپنے فیصلے خود لیتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اور عوامی تحریک کی منزل ایک ہے لیکن اپنی جماعت کے فیصلے لینے میں ہم آزاد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اداروں کے مضبوط ہونے تک بدعنوانیت کا خاتمہ ممکن نہیں ہے۔ جب ادارے کام کرنا بند کرتے ہیں تو لوگ احتجاج کے لئے سڑکوں پر آجاتے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ ہمارا ایجنڈا پاکستان کو کرپشن سے پاک کرنا ہے۔

عوامی تحریک کے سربراہ نے مزید کہا کہ تعاون کی فضا کو برقرار رکھنے کے لئے آگے بڑھتے رہنا چاہیے۔

سیاسی جماعتوں کو کم از کم ایک مرتبہ ضرور بیٹھنا چاہیے، ہم ہر جماعت کی دعوت پر ملاقات کے لئے تیار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر اپوزیشن متحد ہو گی تو حکومت پر دباؤ زیادہ پڑے گا۔

پاکستان عوامی تحریک مستقبل کے لئے اپنا لائحہ عمل خود طے کرے گی ہم جب مناسب سمجھیں گے تحریک قصاص کا دوسرا مرحلہ شروع کردیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ماڈل ٹاؤن کے شہیدوں کا خون رایگاں نہیں جانے دیں گے۔

انہوں نے رواں ماہ اکتوبر میں برطانیہ سے پاکستان واپس آنے کی امید ظاہر کی۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر طاہر قادری سانحہ ماڈل ٹاؤن میں جاں بحق ہونے والے کارکنوں کا مقدمہ بنا کر برطانوی وکلا سے مشاورت کرنے لندن گئے ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری