اسپیکر قومی اسمبلی کے انتخاب کیلئے پولنگ مکمل، گنتی شروع


اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اسپیکر اورڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے اہم اجلاس میں اسپیکر کے انتخاب کے لیے پولنگ مکمل، گنتی شروع

خبر رسان ادارے تسنیم  کے مطابق  اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کے آغاز میں 5 نو منتخب امیدواروں نے حلف اٹھایا۔

اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکرکے لیے 4 امیدوار میدان میں ہیں، چاروں امیدواروں نے کاغذات گذشتہ روز جمع کروائے تھے۔

اسپیکر کے اہم ترین عہدے کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے اسد قیصر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے خورشید شاہ کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔

ڈپٹی اسپیکر کے لیےتحریک انصاف کے نامزد امیدوار قاسم سوری اور اپوزیشن کے امیدوار اسد محمود میدان میں ہیں۔

اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری سے ہوگا۔ پہلے مرحلے میں اسپیکر کا انتخاب قاعدہ 9 باب 3 کے تحت ہوگا۔

موجودہ اسپیکر ایازصادق نئے اسپیکر کے لیے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اس موقع پر کسی بھی رکن کو موبائل سے ووٹ کی تصویر بنانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ہر ووٹر کو بیلٹ پیپر سیکریٹری اسمبلی کی طرف سے جاری ہوگا۔

امیدوار اپنے دو دو پولنگ ایجنٹوں کے نام اسپیکر کو دے سکیں گے۔ امیدواروں اور پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں ووٹوں کی گنتی ہوگی، کامیاب اسپیکر سے سبکدوش اسپیکر حلف لیں گے۔