زرداری کا شہباز شریف کو ووٹ دینے سے انکار


زرداری کا شہباز شریف کو ووٹ دینے سے انکار

 پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے متحدہ اپوزیشن کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار شہباز شریف کوووٹ دینے سے انکارکردیا۔

خبر رسان ادارے تسنیم  کے مطابق پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے متحدہ اپوزیشن کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار شہباز شریف کوووٹ دینے سے انکارکردیا، جس کے بعدپیپلز پارٹی کے سینئررہنماؤں نے (ن) لیگ کی قیادت کوتجویز پیش کردی کہ شہبازشریف کے بجائے (ن) لیگ کے اسپیکرسردارایازصادق،خواجہ آصف یا کسی اورسینئررہنماکا نام سامنے لے آئیں تووہ آصف زرداری اوربلاول بھٹوکو مسلم لیگ (ن)کے امیدوار کو ووٹ دینے پررضامند کرلیں گے۔

ادھر شہباز شریف نے اس معاملے پرآج(بدھ) کو قومی اسمبلی کے اسپیکرکے الیکشن کے موقع پر پارٹی کے سینئررہنماؤں سے مشاورت کرنیکا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد پیپلز پارٹی کو وزارت عظمیٰ کے امیدوارکے معاملے پرمسلم لیگ (ن)کا دوٹوک جواب دیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم یوسف گیلانی اورخورشید شاہ نے گزشتہ روزمسلم لیگ (ن) کے صدرشہبازشریف سے ملاقات میں آگاہ کیا تھاکہ بلاول بھٹوزرداری اورآصف زرداری کوان کے امیدوار ہونے پرتحفظات ہیں، اسلیے وہ پارٹی میں کسی دوسرے لیڈرکو امیدوار کے طورپرسامنے لائیں۔ ذرائع کے مطابق ارکان پارلیمنٹ کی تقریب حلف برداری کے بعد خورشید شاہ نے بھی ایازصادق سے ملاقات کرکے اس معاملے پر تفصیلی گفتگو کی ہے۔ بعدازاں سابق وزیر کیڈ طارق فضل چوہدری کی رہائشگاہ پراجلاس ہواجس میں اس معاملے پر تفصیلی غورکیا گیا۔

ن لیگ کے اہم رہنما نے بتایا کہ پیپلزپارٹی کی طرف سے شہبازشریف کے نام پر تحفظات سمجھ سے بالاتر ہیں اور یہ متحدہ اپوزیشن کے اتحاد کیلیے اچھی شروعات نہیں، پھر بھی ہم کوشش کریں گے کہ متحدہ اپوزیشن کوکوئی نقصان نہ پہنچے۔

ادھرآصف زرداری کی زیرصدارت پنجاب اسمبلی کی پارلیمانی پارٹی کااجلاس ہواجس میں حسن مرتضیٰ کو پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر نامزدکردیاگیا، اجلاس میں پیپلز پارٹی کے پنجاب اسمبلی کے نومنتخب اراکین حسن مرتضیٰ، عثمان محمود، ممتاز چانگ، سید علی حیدر گیلانی، رئیس نبیل احمد اور غضنفر علی شریک ہوئے،علاوہ ازیں بلاول بھٹوزرداری سے برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص پاک برطانیہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شیری رحمن اورمصطفی نوازکھوکھر بھی موجود تھے۔

دریں اثنا یوم آزادی کے موقع پرزرداری ہاؤس اسلام آبادمیں تقریب کاانعقادکیاگیا جس میں آصف زرداری، بلاول بھٹوزرداری، بختاور بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری نے قومی پرچم سربلند کیا، تقریب میں یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، خورشیدشاہ،شیری رحمن،فرحت اللہ بابر، وید قمر، رخسانہ بنگش، عامرفدا پراچہ، فوزیہ حبیب اور جمیل احمد سومرو نے بھی شرکت کی، پرچم کشائی کے بعد ملک اورجمہوریت کے استحکام کی دعا کی گئی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری