توہین آمیز خاکے رکوانے کیلئےحکومت پاکستان کردار ادا کرے،ثروت قادری


سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ گستاخ آمیز خاکے سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کی شدید مذمت کرتے ہیں،حکومت توہین آمیز خاکے رکوانے کیلئے جہاد کا اعلان کرے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ حکومت اگر گستاخ آمیز خاکے سوشل میڈیا پر نہیں روک سکتی تو سوشل میڈیا پر فوری بندش کا حکومت اعلان کرے۔
گوگل، ٹوئیٹر، فیس بک اور یوٹیوب کو فوری بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں،حکومت نے اس سنجیدہ واقعہ کا فوری نوٹس نہ لیا تو عوام کے غم وغصہ کو روکنا کسی کے بس کی بات نہیں ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماضی سے سیکھتے ہوئے مستقبل کی پالیسیوں کو بہتر بنانا ہوتا ہے ناموس رسالت کا تحفظ کرنا اور توہین آمیز خاکوں کو روکنا ہر عاشق رسولؐ کا دینی فریضہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ناموس رسالتؐ کے تحفظ کےلئے جان ومال اولاد سب کچھ قربان کردینگے،اعلیٰ عدلیہ سوشل میڈیا پر توہین آمیز خاکوں کے خلاف نوٹس لے اور سوشل میڈیا پر پابندی بھی لگانی پڑے تو گریز نہ کیا جائے،ہالینڈ کی تمام مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کرنا ایمانی حرارت ہے ،ہمارے دل خون کے آنسو رورہے ہیں مسلم اُمہ میں شدید بے چینی و غم وغصہ پایا جارہا ہے قادری کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ صرف ہالینڈ کے سفیر کو بلا کر احتجاج کرنے کی بجائے غیرت ایمانی کا مظاہر کرتے ہوئے تر کی کی طرح ہالینڈ کے سفیر کو ملک سے نکال دیں اور ہالینڈ سے اپنا سفیر بلالیں،توہین آمیز خاکوں کی سرپرستی کرنیوالوں سے سفارتی تعلقات ختم کئے جائیں۔