اپوزیشن مشترکہ صدارتی امیدوار لانے میں ناکام، صدرعارف علوی ہی ہونگے، پی ٹی آئی


اپوزیشن مشترکہ صدارتی امیدوار لانے میں ناکام، صدرعارف علوی ہی ہونگے، پی ٹی آئی

اپوزیشن کے مشترکہ صدارتی امیدوار لانے کے معاملے پر اپوزیشن تقسیم ہوگئی جب کہ پیپلز پارٹی نے اپنے صدارتی امیدوار اعتزاز احسن کے نام پر مسلم لیگ (ن) کا اعتراض مسترد کردیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، پیپلز پارٹی اعتزاز احسن کو ہی صدارتی امیدوار بنانے کی خواہاں ہے جس کے لیے اس نے متحدہ مجلس عمل کے صدر مولانا فضل الرحمان سے بھی مدد مانگ لی۔
جے یو آئی (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان آج مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے ملاقات کریں گے جس میں اپوزیشن کے متفقہ صدارتی امیدوار پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ اپوزیشن جماعتیں متفق ہوں جب کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ صدارتی امیدوار کا نام آج سامنے آجائے گا۔
اس سے قبل فواد چوہدری دعویٰ کر چکے ہیں کہ صدراتی انتخاب کے لیے نمبرز پورے ہیں اور پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار عارف علوی ہی صدر مملکت ہوں گے۔
یاد رہے کہ 4 ستمبر کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران ایوانِ صدر کے نئے مکین کا چناؤ عمل میں لایا جائے گا جس کے لیے تحریک انصاف کی جانب سے ڈاکٹر عارف علوی امیدوار ہیں تاہم اپوزیشن اتحاد ابھی تک کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری