حکومتی خارجہ پالیسی پر خواجہ آصف کی شدید تنقید، بین الاقوامی سطح پر پاکستان کو دھچکا لگا


حکومتی خارجہ پالیسی پر خواجہ آصف کی شدید تنقید، بین الاقوامی سطح پر پاکستان کو دھچکا لگا

مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف نے حکومتی خارجہ پالیسی اور کارکردگی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کو دھچکا لگا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی زیرصدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وزیراعظم عمران خان سعودی عرب گئے تو  پی ٹی آئی والوں نے کہا کہ وہ 10 ارب لے آئے ہیں ، اب یہ نہیں پتا چلا ارب الف سے تھا یا عین سے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات کے حوالے سے بھارت کے انکار پر پاکستان کو دھچکا لگا اور سی پیک پر بھی شکوک و شبہات پیدا کیے گئے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ افغان مہاجرین کو پاسپورٹ دینے والے بیان کو بعد میں تجویز کہہ دیا گیا۔

خواجہ آصف کے جواب میں شیریں مزاری نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن میں آتے ہی خواجہ آصف کو خارجہ پالیسی یاد آگئی، سابق حکومت کی خارجہ پالیسی واضح نہیں تھی اور اس پر پارلیمنٹ میں بحث ہی نہیں ہوتی تھی، اگر اپوزیشن کو سیاست کھیلنی ہے تو کھیل لے ہم بھی تیار ہیں۔

شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ مسائل حل کرنے پر توجہ ہوگی تو ہم بھی ساتھ دیں گے، ہم نے منی لانڈرنگ کے مسئلے پر پہلی بار برطانیہ سے بات کی اور کئی افراد کو تو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری