میری پہچان میرا پردہ ہے، بشریٰ بی بی


وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا کہنا ہے کہ میری پہچان میرا پردہ ہے، ہر پیر کو روزہ رکھتی ہوں، گھر سے نکلی توعدت پوری کرکے نکلی تھی_

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ نے کہا کہ 'ایسا نہیں کہ خان صاحب کے پاس جادو کی چھڑی ہے، تبدیلی آنے میں تھوڑا وقت لگے گا، خان صاحب محنت پاکستانی عوام کیلئے کررہے ہیں، پاکستان کی تقدیرعمران خان ہی بدلیں گے، پاکستان کو خان صاحب ہی اوپر اٹھائیں گے، لگتا ہے اللہ نے یہ لکھ دیا ہے'۔

بشریٰ بی بی نے کہا کہ عمران خان کو سیاستدان نہیں کہا جاسکتا، اللہ نے ہدایت کا وقت مقرر کر رکھا ہے، اب خان صاحب کی زندگی اللہ اور رسول(ص) کی محبت میں ہے۔

خاتون اول نے کہا کہ میری پہچان میرا پردہ ہے، ہر پیر کو روزہ رکھتی ہوں، گھر سے نکلی توعدت پوری کرکے نکلی تھی، پردے کا تعلق میری ذات اور رب سے ہے، سراہا نہیں جاسکتا تو پردے کے معاملے پر تنقید نہیں کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ 'مجھےکبھی خواب میں نبی کریم(ص)کی زیارت نہیں ہوئی اور نہ ہی یہ کہا گیا کہ خان صاحب سے شادی کرلوں۔ میں سوشل میڈیا استعمال نہیں کرتی، عبادت کا تعلق انسانی کی اپنی ذات سے ہے۔

بشریٰ بی بی نے بتایا کہ وہ عمران خان کے سونے کے بعد مطالعہ کرتی ہیں، سوشل میڈیا استعمال نہیں کرتیں اور نہ ہی ان کا کوئی اکاؤنٹ ہے۔