وزیراعظم کا طاہرالقادری سے ٹیلیفونک رابطہ، سانحہ ماڈل ٹاون پر تبادلہ خیال


وزیراعظم کا طاہرالقادری سے ٹیلیفونک رابطہ، سانحہ ماڈل ٹاون پر تبادلہ خیال

وزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹر طاہر القادری سے ٹیلیفونک گفتگو میں سانحہ ماڈل ٹاؤن میں قتل عام کا نشانہ بننے والوں کو انصاف کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا۔

تسنیم خبررساں ادارے نے مقامی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کو ٹیلی فون کیا، ٹیلی فونک گفتگو میں ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور وزیراعظم نے ماڈل ٹاؤن میں قتل عام کا نشانہ بننے والوں کو انصاف کی فراہمی کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نہتے شہریوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والوں کو نظام عدل سے فرار کی اجازت نہیں دی جاسکتی، قانون کے یکساں نفاذ پر کسی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہیں، دیوانی و فوجداری مقدمات میں فوری انصاف تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب ماڈل ٹاؤن میں قتل عام کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی یقینی بنائیں اور واقعے میں ملوث افراد کو عہدوں سے الگ کرکے بلاتفریق کٹہرے میں لایا جائے۔

وزیراعظم سے گفتگو میں ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ وزیراعظم نے ماڈل ٹاؤن میں قتل عام کا نشانہ بننے والے خاندانوں کو امید کی کرن دی ہے، قانون کی بالادستی کیلئے وزیراعظم پاکستان کا ویژن قابل تحسین ہے، انصاف کی امید دلانے پر وزیراعظم پاکستان کے مشکور ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری