سمندر سے گیس کی درآمد، پاک روس ایم او یو پر دستخط ہونگے
روس سے سمندر کے راستے گیس درآمد کرنے کے بڑے منصوبے کے سلسلے میں پاکستان اور روس آج ماسکو میں 10 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے آف شور گیس پائپ لائن منصوبے کے ایم او یو پر دستخط کریں گے۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق،سمندر کے راستے گیس درآمد کرنے کے بڑے منصوبے کی تکمیل سے پاکستان روس سے یومیہ 50 کروڑ سے ایک ارب مکعب فٹ تک گیس درآمد کر سکے گا۔
پیٹرولیم ڈویژن ذرائع کے مطابق روس سے گیس درآمد کرنے کے لیے آف شور گیس پائپ لائن کی تعمیر کے ایم او یو پر دستخط کے لیے پاکستانی وفد ماسکو پہنچ چکا ہے۔
ایم او یو پر دستخط کے بعد جمعرات کو روسی سرکاری کمپنی گیز پرام اور پاکستانی سرکاری کمپنی انٹر اسٹیٹ گیس سسٹمز کے درمیان بھی ابتدائی معاہدے پر دستخط ہوں گے جس کے بعد منصوبے کی فزیبلیٹی رپورٹ کی تیاری شروع ہو جائے گی۔
واضح رہے کہ منصوبے کے تمام اخراجات روسی کمپنی گیز پرام اٹھائے گی اور بلٹ، اون آپریٹ اینڈ ٹرانسفر کی بنیاد پر منصوبہ تعمیر کرے گی، اس منصوبے کی تعمیر پر تین سے چار سال لگیں گے۔