پیغمبراسلام کی سیرت طیبہ اُمت مسلمہ کے لئے مشعل راہ ہے، علامہ ساجد نقوی


پیغمبراسلام کی سیرت طیبہ اُمت مسلمہ کے لئے مشعل راہ ہے، علامہ ساجد نقوی

شیعہ علماء کونسل کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کا کہنا ہے کہ جشن میلاد النبی 12 تا 17 ربیع الاول ہفتہ وحدت کے طور پر منایا جائے اور پیغمبر اسلام کی سیرت طیبہ اُمت مسلمہ کے لئے مشعل راہ ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کا کہنا ہے کہ جشن میلاد النبی 12 تا 17 ربیع الاول ہفتہ وحدت کے طور پر منایا جائے اور پیغمبر اسلام کی سیرت طیبہ اُمت مسلمہ کے لئے مشعل راہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ سینکڑوں مشترکات کی روشنی میں باہمی اتحاد و یگانگت کو فروغ دیتے ہوئے جزوی نوعیت کے اختلافات کو پس پشت ڈالے اور حکم قرآنی اور سیرت معصومین ؑ کا تقاضا ہے کہ امت محمدی کی وحدت اور اتحاد کے لئے کام کیا جائے اور موجودہ پرفتن دور اور سنگین حالات میں رحمت اللعالمین کی سیرت و کردار سے درس لیتے ہوئے باہمی اختلافات اور فروعی وجزوی مسائل کے حل کے لئے امن، محبت، رواداری، تحمل اور برداشت کا راستہ اختیار کیا جائے تاکہ امت مسلمہ میں بلاتفریق مسلک و مکتب اختلافات کے خاتمے، امن و آشتی کے فروغ کا راستہ اپناکر ہم خالق کائنات، منجی بشریت حضور اکرم اور خانوادہ رسالت کی خوشنودی حاصل کرسکیں۔

علامہ ساجد نقوی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ 57 اسلامی ممالک میں سے وطن عزیز پاکستان کو یہ امتیاز حاصل ہے کہ یہاں ہم نے تمام مسلمہ اسلامی مکاتب فکر کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے تنظیمی شکل میں اتحاد کا فورم تشکیل دیا لہذا فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کے لئے مشترکہ پروگرامز اور اجتماعات منعقد کئے جائیں، ملت اسلامیہ کی وحدت کا عملی مظاہرہ کرکے انسانیت دشمن عناصر پر واضح کیا جائے کہ وہ امت مسلمہ کے اتحاد و وحدت کو کسی صورت نقصان نہیں پہنچاسکتے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری