سرکلر ریلوے پر تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع


سرکلر ریلوے پر تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع

کراچی کے علاقےغریب آباد میں سرکلر ریلوے کی اراضی اور ٹریک پر تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع ہوگیا، تجاوزات ہٹانے کے لیے بھاری مشینری کے ساتھ پولیس بھی تعینات کی گئی ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، آپریشن کے خلاف علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا ہے جس کے دوران انہوں نے متبادل جگہ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

آپریشن کے پہلے مرحلے میں غریب آباد فرنیچر مارکیٹ کو ہٹا کر ریلوے ٹریک کلیئر کیا جائے گا۔

غریب آباد کے بعد گلبرگ اورلیاقت آباد میں ریلوے ٹریک سے تجاوزات ختم کی جائیں گی ، کراچی سرکلر ریلوے کے 43 کلومیٹر طویل راستے کے اطراف لگ بھگ 5 ہزار سے زائد مکانات اور بلند و بالا عمارتیں قائم ہیں۔

کمشنر کراچی افتخار شلوانی کے مطابق ریلوے کی کل 580 ایکڑ اراضی پر لوگوں نے قبضہ کیا ہوا ہے جسے چھڑانا ہے۔

ادھر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل کا کہنا ہے کہ سرکلر ریلوے کے متاثرین کو ہٹانے سے پہلے متبادل فراہم کیا جائے۔

کنور نوید جمیل نے یہ بات غریب آباد کے رہائشیوں کے وفد سے بات کرتےہوئے کہی، وفد نے ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز پر ان سے ملاقات کی۔

ترجمان ایم کیو ایم کے مطابق وفد کا کہنا تھا کہ انہیں ایک دن میں گھر خالی کرنے کا نوٹس دیا گیا ہے۔

کنور نوید جمیل نے کہا کہ طاقت کے ذریعے گھر خالی کرانے کی مخالفت کی جائے گی، سرکلر ریلوے کامیاب کرنا ہے تو پہلے متاثرین کو متبادل جگہ فراہم کی جائے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری