پی پی پی اور (ن) لیگ نے مل کر پاکستان کو لوٹا ہے، پرویز مشرف
سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ پی پی پی اور (ن) لیگ نے مل کر پاکستان کو لوٹا ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، آل پاکستان مسلم لیگ نے مردان سے تنظیم سازی کا آغاز کر دیا، اس سلسلے میں مقامی شادی ہال میں ورکرز کنونشن منعقد کیا گیا جس میں آل پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی جنرل سیکرٹری مہرین ملک اور صوبائی جنرل سیکرٹری شیرعالم خٹک نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر پرویزمشرف نے اپنے ویڈیو لنک خطاب میں کہا کہ پی پی پی اور (ن) لیگ نے مل کر پاکستان کو لوٹا ہے، ان لوگوں کے ہوتے ہوئے پاکستان کا اللہ ہی حافظ ہے، ان دونوں پارٹیوں کے مقابلے میں تیسری قوت کی ضرورت تھی جو عمران خان کی شکل میں سامنے آ چکی ہے اور اس نے عام انتخابات میں ان دونوں پارٹیوں کو شکست دے دی ہے۔
سابق صدر پرویز مشرف نے کہا کہ وہ پاکستان کی خاطر عمران خان اور اس کی پارٹی کو سپورٹ کر رہے ہیں، ان کے خلاف تمام مقدمات جعلی ہیں اور جلد پاکستان آکر مقدمات کا سامنا کریں گے۔