فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹا گرام کی سروس متاثر
پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ملکوں میں فیس بُک واٹس ایپ اور انسٹا گرام کی سروس اچانک بند ہوگئی۔
تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، سوشل میڈیا پر واٹس ایپ کے صارفین کو کمپیوٹر سرورز ڈاؤن ہوجانے کے سبب رات دیر سے پیغامات بھیجنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
کمپیوٹر سرورز ڈاؤن ہوجانے کی وجہ سے صارفین کو نہ صرف پیغامات بلکہ تصاویر اور ویڈیوز بھیجنے میں شدید مشکلات پیش آئیں۔
دنیا بھر میں مختلف سروسز کی نگرانی کرنے والے آزاد ادارے ڈائون ڈیٹیکٹر کو مختلف ملکوں سے اس متعلق ایک ہزار سے زائد شکایات موصول ہوئیں۔
واٹس ایپ کی مالک کمپنی فیس بک کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہنگامی بنیادوں پر مسائل حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ واٹس ایپ بند ہونے کی سب سے زیادہ شکایات امریکا، برطانیہ اور یورپ سے موصول ہوئیں تاہم دنیا کے دیگر ملکوں میں بھی سرورز نے کام چھوڑ دیا۔