آصف زرداری اور فریال تالپور احتساب عدالت میں پیش


آصف زرداری اور فریال تالپور احتساب عدالت میں پیش

سابق صدر آصف علی زرداری، ان کی ہمشیرہ اور دیگر ملزمان کے خلاف جعلی بینک اکاؤنٹس سے متعلق نیب ریفرنس کی سماعت آج ہوگی۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، احتساب عدالت کے جج ارشد ملک سماعت کریں گے جب کہ آصف زرداری اور فریال تالپور دوسری مرتبہ عدالت میں پیش ہوگئے۔

احتساب عدالت نے آصف زرداری، ان کی ہمشیرہ فریال تالپور، حسین لوائی، انور مجید، عبدالغنی مجید، عدیل شاہ راشدی اور اقبال آرائیں سمیت 30 ملزمان کو بھی طلب کیا ہے۔

اس سے قبل سابق صدر 8 اپریل کو احتساب عدالت میں پیش ہوئے تھے اور سماعت کے دوران کرن اور نورین نامی 2 ملزم خواتین نے عدالت سے گواہ بننے کی درخواست کی تھی۔

عدالت نے دونوں خواتین سے استفسار کیا تھا کہ وہ وعدہ معاف گواہ بننا چاہتی ہیں؟ جس کے بعد عدالت نے دونوں خواتین کو تحریری درخواستیں دینے کی ہدایت کی تھی۔

جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کا پسِ منظر

منی لانڈنگ کیس 2015 میں پہلی دفعہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے اُس وقت اٹھایا گیا، جب مرکزی بینک کی جانب سے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو مشکوک ترسیلات کی رپورٹ یعنی ایس ٹی آرز بھیجی گئیں۔

ایف آئی اے نے ایک اکاؤنٹ سے مشکوک منتقلی کا مقدمہ درج کیا جس کے بعد کئی جعلی اکاؤنٹس سامنے آئے جن سے مشکوک منتقلیاں کی گئیں۔

معاملہ سپریم کورٹ تک پہنچا تو اعلیٰ عدالت نے اس کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم ( جے آئی ٹی) تشکیل دی جس نے گزشتہ برس 24 دسمبر کو عدالت عظمیٰ میں اپنی رپورٹ جمع کرائی جس میں 172 افراد کے نام سامنے آئے۔

جے آئی ٹی نے سابق صدر آصف علی زرداری اور اومنی گروپ کو جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے فوائد حاصل کرنے کا ذمہ دار قرار دیا اور ان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی۔

اس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری، ان کی ہمشیرہ فریال تالپور سے بھی تفتیش کی گئی جب کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی تحریری طور پر جے آئی ٹی کو اپنا جواب بھیجا جب کہ اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید اور نجی بینک کے سربراہ حسین لوائی ایف آئی اے کی حراست میں ہیں۔

سپریم کورٹ نے 7 جنوری 2019 کو اپنے فیصلے میں نیب کو حکم دیا کہ وہ جعلی اکاؤنٹس کی از سر نو تفتیش کرے اور 2 ماہ میں مکمل رپورٹ پیش کرے جب کہ عدالت نے جے آئی ٹی رپورٹ بھی نیب کو بجھجوانے کا حکم دیا۔

اعلیٰ عدالت نے حکم دیا کہ تفتیش کے بعد اگر کوئی کیس بنتا ہے تو بنایا جائے۔

نیب نے 7 جنوری کو ہی جعلی اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات کے لیے کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم (سی آئی ٹی) تشکیل دی جس کی سربراہی ڈی جی نیب راولپنڈی کو دی گئی۔

آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے 20 مارچ کو نیب کی کمائنڈ انویسٹی گیشن کے سامنے پیش ہو کر بیان ریکارڈ کرایا۔

نیب راولپنڈی نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں تین ریفرنسز تیار کر کے نیب ہیڈ کوارٹر بھجوائے اور چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ نے 2 اپریل کو جعلی اکاؤنٹس کیس میں پہلا ریفرنس اومنی گروپ کے چیف ایگزیکٹو عبدالغنی مجید اور دیگر کے خلاف دائر کرنے کی منظوری دی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری