امریکا سے مذاکرات کا کوئی امکان نہیں، ایران


اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے امریکی حکام کو ایران کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا امریکی حکام سے مذاکرات کا کوئی امکان نہیں ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سیدعباس موسوی نے ایران کی جانب سے امریکا اور سعودی عرب کو مذاکرات کی پیشکش کی خبروں کو من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا امریکا سے مذاکرات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا سعودی عرب کے ساتھ مذاکرات صرف حج وعمرہ کے بارے میں ہوتے ہیں باقی سیاسی امور کے بارے میں مذاکرات کی خبروں میں صداقت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب خطے کا ایک اہم ملک ہے لیکن سعودی حکام کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے خطے میں مختلف قسم کے مسائل پیدا ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا امید ہے کہ سعودی عرب اپنی پالیسی پر نظر ثانی کرے گا۔

سیدعباس موسوی کا کہنا تھا اسلامی جمہوریہ ایران تمام ھمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔