وزارت میں رجسٹریشن نہ کرانے والے مدارس کو بند کردیا جائے گا: شفقت محمود
وزیرتعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ وزارت میں رجسٹریشن نہ کرانے والے مدارس کو بند کردیا جائے گا، حکومت مدارس کا معیار بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ ملک بھر میں تمام دینی مدارس اور یونیورسٹیوں کو وزارت تعلیم میں اندراج کرانا ہوگا۔
وزارت تعلیم اپنے علاقائی دفاتر کھولے گی اور تمام مدارس کا ریکارڈ اور اعداد وشمار مرتب کرے گی۔
وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ طلبا کو تکنیکی اور ووکیشنل تعلیم کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ ملک بھر کے دینی مدارس کو وزارت تعلیم کے ماتحت لانے کے لیے جیوٹیگنگ اور رجسٹریشن جاری ہے، نیکٹا نے پہلی رپورٹ تیار کرلی، پنجاب میں 90 فیصد رجسٹریشن مکمل کرلی گئی، ابتدائی مرحلے میں رجسٹرڈ مدارس کو ہی وزارت تعلیم کے ماتحت کیا جائے گا۔