پاک ایران گیس منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچے گا، رفعت مسعود


پاک ایران گیس منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچے گا، رفعت مسعود

اسلامی جمہوریہ ایران میں پاکستانی سفیر رفعت مسعود کا کہنا ہے کہ پاک ایران گیس منصوبے کے متعلق عرب نیوز کی خبر من گھڑت اور بد نیتی پر مبنی ہے۔

 

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، تہران میں پاکستانی سفیر نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی بے بنیاد خبروں کا مقصد پاک ایران تعلقات کو خراب کرنا ہے۔

انہوں نے عرب نیوز کی خبر کو جھوٹ کا پلندہ اور پاک ایران تعلقات کے خلاف سازش قرار دیا۔

رفعت مسعود کا کہنا تھا کہ عرب نیوز نے مبین صولت کے حوالے سے یہ خبر دی ہے حالانکہ پاکستان کے انٹر اسٹیٹ گیس سسٹمز کے مینیجنگ ڈائریکٹر مبین صولت نے اس سلسلے میں سرے سے کوئی گفتگو ہی نہیں کی ہے۔

رفعت مسعود نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران سے ایک اعلیٰ سطحی وفد بہت جلد پاکستان کا دورہ کرنے والا ہے۔ 

خیال رہے کہ پاکستانی ذرائع ابلاغ نےعرب نیوز کے حوالے سے خبر دی تھی کہ امریکی پابندیوں کے پیش نظر پاک ایران گیس منصوبے پر کام نہیں کیا جاسکتا اور اس بارے میں ایران کو تحریری طور پر آگاہ بھی کر دیا گیاہے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری