کراچی میں انسداد پولیو مہم کا ایک بار پھر آغاز


پاکستان کے سب سے بڑے اور صنعتی شہر کراچی میں انسداد پولیو مہم کا ایک بار پھر آغاز کیا گیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، کراچی کی 105 یونین کونسلوں میں انسداد پولیو مہم آج سے شروع کی گئی ہے، مہم میں 15لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ کمشنر کراچی نے والدین اور کمیونٹی کے رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ پولیو مہم میں تعاون کریں۔

کمشنر ہاؤس میں کمشنرکراچی افتخار شالوانی کی صدارت میں انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں اجلاس ہوا، اجلاس میں محکمہ صحت حکام کی جانب سے انسداد پولیو کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ17جون سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں،مہم 23 جون تک جاری رہے گی، جس میں پندرہ لاکھ سے زائد بچوں کو پولیوسے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ مہم 105 یونین کونسلوں میں بیک وقت شروع کی جارہی ہے۔ سیکورٹی کے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں مہم میں سات ہزار سے زائد پولیو ورکرز اپنے فرائض انجام دیں گے۔

اجلاس میں رہ جانے والے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لئے ترجیحی اقدامات کر نے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔