پاکستان حکومت، عدلیہ اور فوج ایک ایجنڈے پر


وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت اور فوج پہلی مرتبہ ایک ایجنڈے پر ہیں اب کسی کی سفارش نہیں چلے گی۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق ملک میں جہاں بڑے بڑے نام اور شخصیات جیل کی سلاخوں کے پیچھے نظر آ رہی ہیں وہیں وزیراعظم پاکستان عمران خان کا ایک بیان سامنے آیا ہے کہ حکومت اور فوج پہلی مرتبہ ایک ایجنڈے پر ہیں۔

ایک نجی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ این آر او تو کسی صورت ممکن نہیں، البتہ جس نے باہر جانا ہے لوٹا ہوا پیسہ دے اور چلا جائے۔ مزید تفصیلات کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف پیسہ دیں اور علاج کے لے بیرون ملک چلے جائیں، اسی طرح آصف زرداری مشکل میں ہیں تو پیسہ واپس کردیں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پچھلی حکومت نے 14 ارب ڈالر کے کمرشل قرضے لیے ہوئے تھے اور ان قرضوں پر سود زیادہ تھا۔ ہماری حکومت کو ملک کا سب سے بڑا خسارہ ملا اور اب تک ہم 10 ماہ میں 10 ارب ڈالر دے چکے ہیں اگر نہ دیتے تو پاکستان دیوالیہ ہوجاتا۔

انہوں نے واضح کیا کہ ہم لٹیروں سے ملک کا لوٹا ہوا پیسہ واپس لے کر رہیں گے۔ جہاں ایک طرف وزیراعظم نے حکومت اور فوج کے ایک پیج پر ہونے کا دعوی کیا ہے، وہیں عدلیہ کے ایوانوں سے چیف جسٹس آصف کھوسہ نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ کرپشن کی رقم موت کے بعد بھی جمع کرانی ہوگی۔ لہذا یہ کہنا بےجا نہ ہوگا کہ حکومت، عدلیہ اور فوج پہلی مرتبہ ایک ایجنڈے، ایک پوائنٹ اور ایک پیج پر ہیں۔