یمنی فوج کی جوابی کارروائی میں 4سعودی فوجی ہلاک
یمنی فوج کے نشانہ بازوں نے 4 سعودی اہلکاروں کو ہلاک کردیا۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، یمنی سرکاری فوج کے نشانہ بازوں نے امریکا اور اسرائیل کے حمایت یافتہ سعودی اتحادی افواج کے 4 اہلکاروں کو ہلاک کردیاہے۔
المیسرہ نیوز نے خبر دی ہے کہ یمنی سرکاری فوج اور اسلامی مزاحمتی تحریک انصاراللہ کے نشانہ بازوں نے صوبہ الجوف کے علاقے ''حام'' میں نام نہاد اسلامی اتحادی افواج کے 4 اہلکاروں کو ہلاک کردیاہے۔
یمنی فوج نے صوبہ حجہ کے علاقے ''حیران'' میں اتحادی افواج کے مراکز پربھی حملے کئے جس میں متعدد اہلکار ہلاک یا زخمی ہوئے ہیں۔
الحوثی قبائل اور سرکاری فوج کے جوانوں نے نجران کے علاقے السدیس میں اتحادی افواج کے حملوں کا بھر پور جواب دیا جس میں بھی کئی اہلکار ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔
یاد رہے کہ یمنی فوج نے اتوار کے روزنجران کے مضافاتی علاقوں میں سعودی اتحادی افواج کے مراکز پر جوابی میزائل داغےتھے۔
یمنی فوج کے ترجمان یحیی سریع نے ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ یمن اور سعودی عرب کے سرحدی علاقوں میں سعودی اتحادی افواج کے ساتھ 8 گھنٹے تک جھڑپیں جاری رہیں جس میں متعدد سعودی کرایے کے فوجی مارے گئے۔
انہوں نے کہا کہ یمنی فوج نے سعودی اتحادی افواج کے کئی بکتربند گاڑیاں بھی تباہ کیں۔
یحیی سریع کا کہنا ہے کہ سعودی جارح افواج نے فضا اور زمین دونوں سے یمن پر حملہ کیا تھا تاہم یمنی فوج نے منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بری طرح سعودیوں کو ناکام بنادیا۔