کشمیر میں بھارت کا ظلم جاری، ایک اور شہری شہید
قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے شوپیاں میں فائرنگ کر کے ایک نوجوان کو شہید کردیا۔
خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کے مظالم کا سلسلہ تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہا ہے۔ تازہ واقعے میں قابض بھارتی فوج نے شوپیاں کے علاقے میں گھر گھر تلاشی کے دوران ظلم و بربریت جاری رکھتے ہوئے محاصرہ کیا اور اس دوران نام نہاد آپریشن کی آڑ میں نوجوان کو شہید کردیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق قابض انتظامیہ نے علاقے میں غیراعلانیہ کرفیو نافذ کردیا ہے جبکہ موبائل اور انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی گئی ہے۔
یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے دوران گزشتہ ماہ جون میں 28 کشمیریوں کو شہید، جبکہ 134 افراد زخمی اورگھر گھر تلاشی کی آڑ میں طلبا سمیت ناصرف 97 معصوم شہری گرفتار کئے گئے بلکہ چادر اور چار دیواری کی حرمت بھی پامال کی گئی۔
بھارتی فوج کے بہیمانہ تشدد سے خواتین، بچے بزرگ کوئی بھی محفوظ نہیں ہے۔ 7 دہائیوں سے بھارت کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے میں ٹال مٹول سے کام لے رہا ہے اور مظلوم کشمیریوں کی آواز دبانے کے لئے ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔
قریبا روزانہ کوئی نہ کوئی کشمیری شہری بھارتی فوج کے ظلم کا شکار ہو جاتا ہے جس پر عالمی برادری بھی خاموش ہے، اقوام متحدہ بھی خاموش ہے اور او آٗی سی بھی خاموش۔