پاکستانی باہمت طالبہ ملالہ یوسفزئی سے منسوب عالمی یوم ملالہ


نوبل امن انعام یافتہ اور لڑکیوں کی تعلیم کے حق میں آواز بلند کرنے والی باہمت پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی سے منسوب “عالمی یوم ملالہ” آج منایا جا رہا ہے۔

تسنیم نیوز کے مطابق 12 جولائی ملالہ یوسفزئی کی سالگرہ کا دن ہے اور اسی مناسبت سے اقوام متحدہ نے اس دن کو ’’ملالہ ڈے‘‘ سے منسوب کیا گیا تھا۔

پاکستان کے شمال میں واقع ضلع سوات سے تعلق رکھنے والی ملالہ یوسفزئی امن کا نوبل انعام حاصل کرنے والی دنیا کی کم عمر ترین شخصیت بھی ہیں۔

ملالہ یوسفزئی اکتوبر 2012ء میں اس وقت توجہ کا مرکز بنیں جب اسکول سے گھر جاتے ہوئے سوات میں طالبان شدت پسندوں نے انھیں فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا تھا۔

واضح رہے کہ ایک گولی اُن کے سر میں بھی لگی، ملک میں ابتدائی علاج کے بعد اُنھیں ایک خصوصی طیارے کے ذریعے برطانیہ منتقل کر دیا گیا تھا جہاں صحتیابی کے بعد نہ صرف اپنی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں بلکہ ملالہ فاؤنڈیشن کے ذریعے دنیا بھر میں بچیوں کی تعلیم کے لیے بھی گراں قدر خدمات انجام دے رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار نے ’’ملالہ ڈے‘‘ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جہالت کے اندھیروں میں علم کی شمع روشن کرنے والی ملالہ یوسف زئی دوسروں کیلئے قابل تقلید مثال ہے۔

سردارعثمان بزدار کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی سطح پر ملالہ ڈے کا انعقاد حصول تعلیم کیلئے پاکستان کی تمام خواتین کے حصول علم کیلئے کی جانے والی کاوشوں کو خراج تحسین کے مترادف ہے۔ ملالہ یوسف زئی نے انتہاپسندی کو تعلیم کے ذریعے شکست دی۔

انہوں نے کہا کہ ملالہ نے ثابت کردیا انسان اگرکوشش کرے تو کیا نہیں ہوسکتا۔ کم عمری میں جرات اوراولوالعزمی کا نشان بننے والی ملالہ پوری دنیا میں پاکستان کا فخر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب خواتین کو تعلیم اورترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، یہی ملالہ ڈے کا حقیقی پیغام ہے۔

تعلیم کے لیے آواز بلند کرنے والی باہمت پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی اور بچوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے بھارت کے کیلاش ستیارتھی نے مشترکہ طور پر امن کا نوبل انعام 2014ء میں جیتا تھا۔