بیرون ملک سے ترسیلات زر کے حجم میں خاطر خواہ اضافہ


رواں برس ترسیلات کا مجموعی حجم 21.8 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق رواں برس بیرون ملک سے ترسیلات کا مجموعی حجم 21.8 ارب ڈالر تک جا پہنچا ہے۔

اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام کے مطابق گزشتہ مالی سال ترسیلات میں 9.7 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ رواں برس ترسیلات کا مجموعی حجم 21.8 ارب ڈالر تک پہنچا۔

انہوں نے بتایا کہ پچھلے برس یہ اضافہ محض 2.9 فیصد تھا۔

وزیراعظم عمران خان نے بینکنگ چینلز سے ترسیلات زر بھجوانے پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے اظہار تشکر کیا ہے۔

اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 'بینکنگ چینلز کے ذریعے زیادہ ترسیلات بجھوانے پر میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا مشکور ہوں'۔

ماہرین معاشیات کے مطابق بھی گزشتہ مالی سال ترسیلات میں 9.7 فیصد کا اضافہ نہایت خوش آئند ہے۔

یاد رہے چند روز قبل سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے تارکین وطن پاکستانیوں کو ملکی ترقی کے لیے ریڑھ کی ہڈی جیسی اہمیت کا حامل قرار دیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت معاشی چیلنج سے نمٹنے کے لیے پوری کوشش کر رہی ہے۔ اسپیکر نے سرمایہ کاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ بیرونی ممالک میں مقیم پاکستانی اپنے ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ دیں تاکہ غیرملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بحال ہو سکے۔