کراچی کے مختلف علاقوں میں شرپسندوں کےخلاف کارروائیاں، متعدد اسلحہ سمیت گرفتار


پاکستان کے سب سے بڑے اور صنعتی شہر کراچی میں سیکیورٹی فورسزنے متعدد شرپسندوں کو اسلحہ سمیت گرفتارکرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، سیکیورٹی فورسز نے شہرقائد کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 6 ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
رینجرز ترجمان کا کہنا ہے کہ خفیہ معلومات کی بنیاد پر مختلف علاقوں خاص کر شاہ فیصل کالوںی میں کارروائی کی گئی جس میں خادم اور نعمان نامی شرپسندوں کو گرفتار کرکے جیل منتقل کردیا۔
پولیس کے مطابق یہ خادم اور نعمان لوٹ مار، ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔
سیکیورٹی فورسز نے کراچی کے علاقے بغدادی، چاکیواڑہ اور بلدیہ ٹان میں کارروائی کے دوران چار ملزمان آفتاب عرف چھوٹا منا،عامر عرف جلیلا، کامران اور راشد خان عرف ویٹل کو گرفتار کیا جو موٹر سائیکل چھیننے، منشیات فروشی، ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، ایمونیشن، مسروقہ سامان اور منشیات بھی برآمد کرلی گئی ہے اورتمام ملزمان کو قانونی کارروائی کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔