پاکستان نے بھارت کے لئے اپنی تمام فضائی حدود کھول دیں


پاکستان نے پاک بھارت کشیدگی کے بعد 27 فروری سے بند تمام بھارتی پروازوں کے لیے اپنی فضائی حدود کھول دی ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق پاکستان نے بھارت کے لئے اپنی تمام فضائی حدود کھول دی ہیں جس پر بھارت نے سکھ کا سانس لیا ہے۔

اس حوالے سے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے جس میں پروازوں کے لیے تمام روٹس کھولے جانے سے متعلق بتایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ فضائی حدود کی پابندی ختم ہونے سے بھارتی طیارے پاکستانی فضائی حدود استعمال کرسکیں گے، لاہور سے دہلی، بنکاک، کوالالمپور اور دیگر شہروں کی پروازیں بھی بحال ہوں گی۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق ابھی تک شمال سے جنوب اور جنوب سے شمال کے صرف 3 روٹ کھلے تھے تاہم اب تمام روٹس پروازوں کے لیے کھول دیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ رواں برس 27 فروری کو پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے بھارتی طیارے کو مار گرایا تھا جس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا تھا۔
پاک بھارت کشیدگی کے بعد اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، ملتان، سیالکوٹ سمیت کئی شہروں کے ہوائی اڈوں سے پروازین منسوخ کردی گئی تھیں۔ پاکستان نے غیرملکی پروازوں کے لیے اپنی فضائی حدود بھی بند کردی تھی جس سے بھارت کو کروڑوں کا نقصان اٹھانا پڑا تاہم اب پاکستان نے بھارتی پروازوں کے لئے اپنی تمام فضائی حدود کھول دی ہیں جس سے بھارت نے سکھ کا سانس لیا ہے۔