پاکستان میں بیرون ملک سے سرمایہ کاری کی نہایت خوش آئند خبر


چین کی اسمارٹ فونز بنانے والی بڑی کمپنی اوپو موبائلز نے پاکستان میں پلانٹ لگانے کے حوالے سے گہری دلچسپی کا اظہار کر دیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق ہواوے کے بعد چین کی اسمارٹ فونز بنانے والی بڑی کمپنی اوپو موبائلز نے پاکستان میں پلانٹ لگانے کا ارادہ ظاہر کر دیا ہے۔
اس حوالے سے اوپو کمپنی کے سی ای او جارج لونگ نے خیبر پختونخوا حکومت کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا سے ملاقات کی اور انہیں کے پی کے میں اوپو موبائلز کا پلانٹ لگانے کے حوالے سے اپنے ارادے سے آگاہ کیا۔
اوپو موبائلز کے سی ای او کا کہنا تھا کہ موبائل فونز کی پاکستان میں پیداوار سے نہ صرف صارفین کو اچھی نوعیت کے اسمارٹ فون دستیاب ہوں گے جبکہ چار ہزار لوگوں کو روزگار بھی حاصل ہو گا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر خزانہ تیمور جھگڑا نے ملک میں اوپو کی جانب سے سرمایہ کاری کرنے کی سوچ کو سراہا اور انہیں حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدام سے ملکی اور بیرون ملک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں کاروبار کرنے میں آسانی ہو گی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ہواوے نے بھی پاکستان میں تقریباً 100 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی وترقی مخدوم خسرو بختیار نے بتایا ہے کہ ہواوے ( Huawei ) پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر کی ترقی میں تعاون کر سکتی ہےاور یہ کمپنی اسلام اباد میں 55 ملین ڈالرز کی لاگت سے علاقائی ہیڈ کوارٹر قائم کرے گی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل چین کی 55 سے زاٗد کمپنیوں کے سربراہان نے عمران خان سے وزیراعظم ہاوس میں ملاقات کی تھی۔
اس موقع پر مختلف صنعتوں اور شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی چینی کمپنیوں کے سربراہان کی جانب سے پاکستان میں آئندہ تین سے پانچ سال میں پانچ ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔
دوسری جانب اپنے پہلے امریکی دورے میں آج وزیراعظم عمران خان نے امریکی تاجروں اور کاروباری حضرات کو پاکستان یں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔
وزیراعظم نے سرمایہ کاروں کو پیشکش کی کہ وہ پاکستان میں اقتصادی اور کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھائیں جو اہم جغرافیائی محل وقوع اور خطے کے دوسرے ممالک کے ساتھ زمینی روابط کا حامل ملک ہے۔