پاک ایران سرحد پر سیکیورٹی مزید بہتر بنانے پر اتفاق


پاک ایران سرحد پر سیکیورٹی مزید بہتر بنانے پر اتفاق

پاکستان اور ایران کےاعلیٰ حکام نےسرحد پرسیکیورٹی مزید بہتربنانے پراتفاق کیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان کے درمیان سرحدی سیکیورٹی کے حوالے سے منعقد کئے جانے والے اجلاس میں مشترکہ تعاون کومضبوط بنانے، انسداد دہشتگردی اور غیرقانونی نقل و حرکت کو روکنے پر اتفاق کیا گیا.
واضح رہے کہ پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے علاقے چاغی کے ڈپٹی کمشنر فتح خان خجک کی قیادت میں پاکستانی وفد نے میرجاوہ کے علاقے میں ایرانی حکام سے ملاقات کی.
اجلاس میں فریقین نے ایران و پاکستان سرحد پر اٹھائے جانے والے سیکورٹی اقدامات کا جائزہ لیا.
یاد رہے کہ 18 جولائی کو اسلام آباد میں ایران اور پاکستان کے اعلی سطحی سرحدی کمیشن کے دوسرے اجلاس کا انعقاد کیا گیاتھا اور دونوں ملکوں نے باہمی افہام و تفہیم سے نئے بارڈر کراسنگ پوائنٹس کھولنے میں تیزی لانے سے متعلق اپنے عزم کا اعادہ کیاتھا۔
اس کے علاوہ سرحدی نقشوں کو اپ ڈیٹ اور مشترکہ بارڈر سروے کرنے سمیت فریقین نے موثر بارڈر منیجمنٹ کوششوں کے سلسلے میں باڑ کی تنصیب جیسے مناسب اقدامات کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان 900 کلومیٹر طویل سرحد ہے جہاں جرائم پیشہ گروہ، دہشت گردوں اور منشیات کے اسمگلروں جیسے مسائل کا سامنا ہے۔
پڑوسی ممالک نے سرحدی سیکیورٹی کو بہتر بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری