کابل دہشتگردوں کے نشانے پر؛ پے در پے 3 دھماکے


افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ہونے والے تین بم دھماکوں کے نتیجے میں ایک بچے اور پانچ خواتین سمیت آٹھ افراد جاں بحق جبکہ 27 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق افغانستان کا دارالحکومت کابل دھماکوں سے گونج اٹھا۔
ذرائع کے مطابق کابل میں ہونے والے تین بم دھماکوں کے نتیجے میں ایک بچے اور پانچ خواتین سمیت آٹھ افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ بم دھماکوں کے باعث 27 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق صبح ایک موٹر سائیکل سوار خود کش بمبار نے اس بس کا نشانہ بنایا جو وزارت مائنز کے ملازمین کو لے کر دفتر آرہی تھی۔ اس بات کی تصدیق افغان وزارت وزارت داخلہ کے ترجمان نصریت رحیم نے کی ہے۔

دوسرا دھماکہ اس وقت ہوا جب ایک کار سوار خود کش حملہ آور نے کابل کے مشرق میں عالمی اتحادی افواج کو نشانہ بنایا۔ اخبار کے مطابق پولیس افسر عبدالرحمان نے ہونے والے خودکش بم دھماکے کی تصدیق کی ہے لیکن عالمی اتحادی افواج کی جانب سے اس ضمن میں مؤقف نہیں دیا گیا ہے۔
جبکہ تیسرا دھماکہ ایک بس کے قریب ہوا لیکن وہ اپنے حجم کے اعتبار سے چھوٹا تھا جس کی وجہ سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔
کابل میں ہونے والے تین بم دھماکوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 8 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ وزارت صحت کے مطابق 27 افراد زخمی ہیں جنہیں اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ افغان وزارت داخلہ نے ھی ان دھماکوں کی تصدیق کر دی ہے۔