ایران نے برطانوی جہاز کے 9 بھارتی اہلکار رہا کر دئیے
ایران نے زیر تحویل برطانوی جہاز کے 9 بھارتی اہلکاروں کو چھوڑ دیا ہے۔
خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ 14 جولائی کو ایرانی تحویل میں لیے گئے برطانوی تیل بردار جہاز کے عملے میں موجود 12 بھارتیوں میں سے 9 افراد کو چھوڑدیا گیا ہے۔
بھارتی ترجمان دفتر خارجہ رویش کمار نے کہا کہ عملے کے 9 ارکان رہا کردیے گئے ہیں اور وہ جلد بھارت کی جانب روانہ ہوجائیں گے۔
انہوں نے بتایا ہک بھارتی مشن نے عملے کے بقیہ اراکین کی رہائی کے لیے بھی متعلقہ ایرانی حکام سے درخواست کی ہے جن میں 21 بھارتی اور ایرانی شہری شامل ہیں جن میں سے 3 ایم ٹی ریاہ اور 18 برطانیہ کے پرچم بردار ٹینکر اسٹینا امپیرو سے تعلق رکھتے ہیں جسے 19 جولائی کو ایرانی حکام نے قبضے میں لیا تھا۔
یاد رہے کہ 14 جولائی کو ایران نے سمندری حدود کی خلاف ورزی کرنے پر برطانوی بحری جہاز کو حراست میں لے لیا تھا۔
اس اقدام سے آبنائے ہرمز میں بحری نقل و حمل کے حوالے سے برطانیہ، امریکا اور ایران کی حکومت کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگیا تھا۔