آغا خان یونیورسٹی دنیا کی 100 بہترین کلینیکل میڈیسن یونیورسٹیزمیں شامل
آغا خان یونیورسٹی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ کلینیکل میڈیسن اور عوامی صحت کے حوالے سے ان کی یونیورسٹی پاکستان کی واحد یونیورسٹی ہے جو عالمی سطح پر بہترین یونیورسٹیوں کی فہرست میں شامل ہوئی۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، آغا خان یونیورسٹی (اے کے یو) کو ایکیڈمک رینکنگ آف ورلڈ یونیورسٹیز کی جانب سے جاری ہونے والی شنگھائی رینکنگ کی عالمی رینکنگ برائے ایکیڈمک سبجیکٹس کی کلینیکل میڈیسن کی 100 بہترین یونیورسٹیز میں شامل کیا گیا ہے جبکہ عوامی صحت کے حوالے سے ٹاپ 200 میں شامل کیا گیا۔
آغا خان یونیورسٹی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ کلینیکل میڈیسن اور عوامی صحت کے حوالے سے ان کی یونیورسٹی پاکستان کی واحد یونیورسٹی ہے جو عالمی سطح پر 500 بہترین یونیورسٹیوں کی فہرست میں شامل ہوئی۔
بیان میں کہا گیا کہ 'کلینیکل میڈیسن میں ان کی یونیورسٹی 2018 میں 151 نمبر پر تھی جبکہ اس سال اسے 76 نمبر پر رکھا گیا ہے جبکہ عوامی سطح کے شعبے میں اسے 151 نمبر پر رکھا گیا'۔
آغا خان یونیورسٹی کے سربراہ فیروز رسول کا کہنا ہے کہ 'عالمی رینکنگ آغا خان یونیورسٹی کو صحت اور تعلیم کے حوالے سے رول ماڈل سمجھے جانے کا اعتراف ہے'۔
واضح رہے کہ شنگھائی رینکنگ کنسلٹینسی ایک خودمختار ادارہ ہے جو اعلیٰ تعلیم کے لیے ذہانت پر تحقیق اور مشاورت کا کام کرتا ہے۔