مقبوضہ کشمیر کی صورتحال؛ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس اور کور کمانڈرز کانفرنس طلب


مقبوضہ کشمیر کی ابتر صورتحال پر صدر مملکت پاکستان نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس اور آرمی چیف نے کور کمانڈرز کانفرنس طلب کر لی ہے۔

خبرساں ادارے تسنیم کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بگڑتی ہوئی صورت حال اور بھارت کی جانب سے مقبوضہ وادی کی آئینی حیثیت ختم کرنے کے فیصلے کا جائزہ لینے کے لیے صدر مملکت عارف علوی پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج طلب کر لیا ہے۔ اسی طرح آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت آج کور کمانڈرز کانفرنس ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج طلب کرلیا ہے۔ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس صبح 11 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا جبکہ مشترکہ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر اور لائن آف کنٹرول کی صورتحال پرغور کیا جائے گا۔
بلاول بھٹو زرداری اور شہباز شریف سمیت دیگر اپوزیشن رہنماؤں نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور لائن آف کنٹرول پر بھارت کی جانب سے کلسٹر بموں کے استعمال پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا تھا۔

دوسری جانب آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آج کور کمانڈرز کانفرنس طلب کرلی ہے۔ کانفرنس میں بھارت کے غیر آئینی اقدام اور ایل او سی کی صورتحال پر غور ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت کور کمانڈرز کانفرنس آج ہو گی۔ کانفرنس میں مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کرنے کے معاملے پر بات چیت ہو گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کورکمانڈرکانفرنس میں بھارت کے کسی ممکنہ اقدام کے ردعمل پر بھی بات چیت ہوگی۔
واضح رہے کہ بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کی نیم خود مختار حیثیت سے متعلق آرٹیکل 370 اور 35 اے ختم کرتے ہوئے ریاست کو 2 حصوں میں تقسیم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
آرٹیکل 370 ختم ہونے سے کشمیر کی بھارتی آئین میں جو ایک خصوصی حیثیت تھی، وہ ختم ہوگئی ہے اور اب غیر کشمیری افراد علاقے میں جائیدادیں خرید سکیں گے اور سرکاری نوکریاں بھی حاصل کرسکیں گے۔
بھارتیہ جنتا پارٹی ہمیشہ سے اس قانون کو ختم کرنا چاہتی تھی تاکہ مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرکے کشمیر پر سے کشمیریوں کا دعویٰ ختم کیا جاسکے۔