محرم الحرام: اسلام آباد میں دفعہ 144، ڈبل سواری پر پابندی اور موبائل سروس بند


محرم الحرام کے حوالے سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دفعہ 144، ڈبل سواری پر 2 ماہ کے لئے پابندی جبکہ 9ویں اور 10ویں محرم کو موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے.

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق محرم الحرام کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔ ڈبل سواری پر 2 ماہ کیلئے پابندی عائد کردی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے ڈبل سواری پرپابندی عائد کردی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ڈبل سواری پر پابندی کا اطلاق 2ماہ تک ہوگا جس کی خلاف ورزی کرنے پردفعہ 144 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

اسی طرح محکمہ داخلہ پنجاب نے 9ویں اور 10ویں محرم کو موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے.

تفصیلات کے مطابق محرم الحرام کے لیے پنجاب کے 12 اضلاع حساس قرار دیے گئے ہیں،محکمہ داخلہ نے سیکیورٹی اداروں کو آگاہ کر دیا۔ تاہم 26 اضلاع میں پاک فوج جبکہ 8 اضلاع میں رینجرز تعینات کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب لیسکو کی جانب سے نویں اور دسویں محرم کو بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

اپنے اپنے علاقوں کے ایس ایچ او اور پولیس نفری پوری طرح سے چوکس ہے۔