قندوز اور پل خمری کے بعد طالبان کا کابل پر حملہ، 16 افراد جاں بحق 100 سے زائد زخمی


قندوز اور پل خمری کے بعد طالبان کا کابل پر حملہ، 16 افراد جاں بحق 100 سے زائد زخمی

طالبان نے قندوز اور پل خمری پر حملے کے بعد افغان دارالحکومت کابل میں خودکش دھماکہ کر دیا ہے جس کے نتیجے میں 16 افراد جاں بحق جبکہ 100 سے زائد زخمی ہیں۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق طالبان نے قندوز اور پل خمری پر حملے کے بعد کابل کا رخ کیا۔  طالبان نے افغان دارالحکومت میں غیرملکی سفارت خانے کے قریب خودکش کار دھماکہ کیا، جس کے نتیجے میں 16 افراد جاں بحق جبکہ 100 سے زائد زخمی ہیں۔

دہشتگرد واقعے میں زخمی ہونے والے شہریوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔

اس حوالے سے افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نصرت رحیمی نے بتایا کہ پیر اور منگل کی درمیانی شب 9 بج کر 45 منٹ پر کابل میں کار بم دھماکہ ہوا۔ دھماکہ کابل کی پولیس ڈسٹرکٹ نمبر 9 میں گرین ولیج کے قریب ہوا۔  یہ وہ رہائشی علاقہ ہے جہاں غیر ملکی شہری رہائش پذیر ہیں۔

کابل میں ہونے والے کار بم دھماکے کی ذمہ داری تحریک طالبان افغانستان کی جانب سے قبول کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ ان کا ٹارگٹ غیر ملکی قابض فورسز تھیں۔ افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ کار بم دھماکے میں گرین ولیج میں قائم تمام عمارتیں، گھر اور ہاسٹلز مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں۔

یاد رہے کہ اسی علاقے میں رواں سال جنوری میں ٹرک کے ذریعے بم دھماکہ کیا گیا تھا جس میں 4 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ طالبان نے گذشتہ روز پل خمری پر چڑھائی کی تھی اور اس سے ایک روز قبل قندوز پر حملہ کیا تھا۔  

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری