ملت تشیع کی نمائندہ جماعتوں کا مشترکہ اجلاس/ سیکورٹی کے نام پرعام شہریوں کوتنگ کرنا قابل قبول نہیں


ملت تشیع کی نمائندہ جماعتوں کا مشترکہ اجلاس/ سیکورٹی کے نام پرعام شہریوں کوتنگ کرنا قابل قبول نہیں

پاکستان کے سب سے بڑے شہرکراچی میں ملت تشیع کی نمائندہ جماعتوں کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا جس میں چہلم امام حسین علیہ السلام اور دیگر امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل کے صوبائی دفتر میں ملت تشیع کی نمائندہ جماعتوں کا مشترکہ اجلاس صوبائی صدر علامہ ناظر عباس تقوی کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں جعفریہ الائنس، پیام ولایت فاونڈیشن، ذاکرین امامیہ، امامیہ اسٹوڈینٹس آرگنائزیشن، مرکزی تنظیم عزاداری، اسکاوٹس رابطہ کونسل، جلوس کے پرمٹ ہولڈرز،امام بار گاہوں کے ٹرسٹی حضرات سمیت دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےعلامہ ناظرعباس تقوی کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے تعمیرات کے نام پر مرکزی جلوس کے روٹ کو تبدیل کرنا اچھا اقدام نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملت جعفریہ کی تمام جماعتوں نے اتفاق رائے سے یہ فیصلہ کیا ہے کہ چہلم امام حسین علیہ السلام کا مرکزی جلوس ایم اے جناح روڈ سے ہی نکالا جائے گا۔

علامہ ناظرعباس تقوی نے کہا کہ حکومت چہلم سے پہلے روڈ کی مرمت کا کام مکمل کر لے اور اگر کوئی رکاوٹ ڈالی گئی تو کراچی کی ہر شاہراہ کو امام باگاہ بنادیں گے۔

سیکورٹی کے نام پرعام شہریوں کوتنگ کرنا قابل قبول نہیں جلوس کے راستوں سے کنٹینرز اور خار دار تاروں کو ختم کیا جائے،ملت جعفریہ کی تمام نمائندہ تنظیموں اور انجمنوں کا مشترکہ مطالبہ ہے کہ کنٹینرز کو ہٹایا جائے اور بازار کھولےجائیں تاکہ عام شہریوں کو پریشانی سے بچایا جاسکے۔

 

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری