رانا ثناء منشیات کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی جائے، شہر یار آفریدی
وزیرِ مملکت برائے سیفران اور نارکوٹکس شہر یار آفریدی کا کہنا ہے کہ رانا ثناء کھلے عام اے این ایف کونشانہ بنا رہے ہیں، ایک بار پھر درخواست کرتا ہوں کہ رانا ثناء منشیات کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی جائے
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، وزیرِ مملکت برائے سیفران اور نارکوٹکس شہر یار آفریدی کہتے ہیں کہ رانا ثناء اللّٰہ اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں، ہمارے گواہوں کی جان کو خطرہ ہے۔
وزیرِ مملکت شہر یار آفریدی نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کی جس کے دوران انہوں نے رانا ثناء اللّٰہ کا مبینہ ویڈیو بیان بھی چلایا۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی سیاسی ڈرگ ڈیلرز پر ہاتھ ڈالا گیا، اے این ایف کے خلاف میڈیا ٹرائل شروع کر دیا گیا۔
شہر یار آفریدی نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ رانا ثناء اللّٰہ کے پاس منشیات کی خریداری کے لیے اربوں روپے کہاں سے آئے؟ رانا ثناء نےآمدنی کےذرائع نہیں بتائے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ اے این ایف کے گواہان کو تحفظ دینے کے لیے کیس راول پنڈی منتقل کیا جائے یا جیل میں ٹرائل کیا جائے۔
وزیرِ مملکت نے کہا کہ آئین کے تحت وردی پہننے والی فورس کو پارلیمنٹ میں بھی تنقید کا نشانہ نہیں بنایا جا سکتا، لیکن اے این ایف کو مسلسل تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
شہر یار آفریدی کا یہ بھی کہنا ہے کہ رانا ثناء نے 2013ء میں چار مرلے کا پلاٹ لیا، انہوں نے اتنی جائیداد کہاں سے بنائی کچھ پتہ نہیں، یہ ہمارے لیے ٹیسٹ کیس ہے۔
واضح رہے کہ سابق وزیرِ قانون پنجاب اور مسلم لیگ نون کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ منشیات اسمگلنگ کیس میں جیل میں قید ہیں۔