پاکستان میں پولیو کے بعد انسداد ٹائیفائیڈ مہم
پولیو کے بعد پاکستان میں پہلی بار انسداد ٹائیفائیڈ مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق پولیو جیسی موذی بیماری سے لڑتے ہوئے پاکستان میں اب ایک اور بیماری کے خلاف مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام کے سربراہ ڈاکٹر اکرام سلطان کے مطابق ملک میں پہلی بار انسداد ٹائیفائڈ مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے جب پاکستان میں انسداد ٹائیفائڈ مہم چلائی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ بچوں کو انسداد ٹائیفائیڈ کی ویکسین پلانے کے لئے سب سے پہلے صوبہ سندھ کا انتخاب کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر اکرام سلطان نے اپنی گفتگو میں بتایا کہ انسداد ٹائیفائیڈ مہم کا آغاز 18 نومبر سے ہو گا جو 30 نومبر تک جاری رہے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ مہم کے دوران 9 ماہ سے 15 سال تک کے بچوں کو انسداد ٹائیفائیڈ ویکسین دی جائے گی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ سندھ میں ایکس ڈی آر ٹائیفائیڈ کی نشاندہی کے بعد انسداد ٹائیفائیڈ مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
واضح رہے پاکستان دنیا بھر میں ان 3 ممالک میں سے ایک ہے جہاں اب بھی پولیو کے کیسز نہ صرف پائے جاتے ہیں بلکہ ان میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
پاکستان حکومت کی سرتوڑ کوشش کے باوجود تاحال ملک سے اس موذی مرض کا خاتمہ نہیں ہو پایا ہے جس کی سب سے بڑی وجہ وہ والدین ہیں جو لاکھ سمجھانے کے باوجود اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلاے پر تیار نہیں ہوتے۔