امریکا کا ایرانی وزیرخارجہ کو ویزا دینے سے انکار
امریکا نے اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف کوویزا دینے سے انکار کردیا ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، امریکی حکام نے اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ محمدجواد ظریف کو اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت سے روک دیا۔
تفصیلات کے مطابق مریکا نے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کو ویزہ جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے، ایرانی وزیر خارجہ نے جمعرات کو سیکورٹی کونسل کے اجلاس میں شرکت کرنی تھی۔
دوسری طرف اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے فریقین کو صبر و تحمل سے کام لینے کا مشورہ دے دیا
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیریس نے مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر ایک بار پھر تشویش کا اظہار کر دیا ہے۔
انھوں نے عالمی رہنماؤں سے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تناؤ سے غیر متوقع فیصلے اور ان کے خطرناک نتائج سامنے آتے ہیں۔
انتونیو گوٹیریس کا کہنا تھا کہ جنگوں سے اجتناب ہم سب کی مشترکہ ذمے داری ہے، کیوں کہ اس کی قیمت عام آدمی کو چکانی پڑتی ہے۔
خیال رہے کہ یورپی یونین نے بھی جوہری پروگرام کے معاہدے سے ایران کی علیحدگی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران کے معاہدے سے علیحدگی کے فیصلے پر یورپی یونین کو افسوس ہے۔
سربراہ یورپین خارجہ امور جوزف بوریل نے اس سلسلے میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ ہم معاہدے کے فریقین کے ساتھ پیش رفت کے رابطے جاری رکھیں گے، یورپی یونین آئی اے ای اے کی یورینیم افزودگی سے متعلق تصدیق پر بھروسا کرے گی۔