گلگت: ضلع استور میں برفانی تودہ گرنے سے پاک فوج کے 5جوان شہید


گلگت: ضلع استور میں برفانی تودہ گرنے سے پاک فوج کے 5جوان شہید

گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری اور سخت سردی کی وجہ سے نظام زندگی مفلوج ہوکررہ گیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، گلگت بلتستان کے ضلع استور میں برفانی تودہ گرنے سے پاک فوج کے 5 جوان شہید ہوئے ہیں۔

گلگت بلتستان کے ضلع استور میں حکام نے بتایا کہ برفانی تودوں سے 2 مختلف علاقوں میں ایک خاتون اور ایک بچے کے علاوہ 5 فوجی بھی شہید ہوئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہیں۔

مقامی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ شہید ہونے والے پانچوں جوان فوج کی انجینیئرنگ کور سے تعلق رکھتے تھے اور وہ استور کے علاقے ڈومباباہو میں برفانی تودے کا نشانہ بنے۔

حکام کے مطابق شہید ہونے والے اہلکاروں کی شناخت لانس نائیک بنارس اقبال، لانس نائیک عبدالرزاق، ایس پی آر محمد رفیق، ایس پی آر شہزاد اکرم اور ایس پی آر عمار علی کے نام سے ہوئی، تمام لاشوں کو گلگت منتقل کردیا گیا۔

برفانی تودے نے استور میں گھروں کو بھی نقصان پہنچایا جہاں کچھ عرصہ قبل زلزلہ بھی آیا تھا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق برفانی تودوں کے گرنے سے آزاد کشمیر کی وادی نیلم سب سے بری طرح متاثر ہوئی جہاں 74 افراد جاں بحق ہوئے اور گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں مسلسل چوتھے روز زمینی اور فون کے رابطے منقطع رہے۔

مقامی افراد کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کے مطابق کچھ سڑکیں گزشتہ کئی روز سے بلاک ہیں جس کے باعث زخمیوں کو ہسپتال نہیں پہنچایا جاسکا۔

حکام کی جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق گلگت بلتستان ڈزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ نے علاقے میں سڑکوں کی صفائی اور ٹیلی مواصلات، بجلی اور بنیادی انفرا اسٹرکچر کی بحالی کا کام شروع کردیا ہے۔

شاہراہ قراقرم کا گلگت تا راولپنڈی کا حصہ مکمل طور پر بحال کردیا گیا جبکہ فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) نے خیبر پختونخوا کے پتون، متہ بندا، تتہ پانی اور دیامر میں سڑکوں سے رکاوٹیں ہٹا کر انہیں کھول دیا اس کے علاوہ گلگت تا غزر روڈ بھی ٹریفک کے لیے کھولا جاچکا ہے۔

مقامی افراد کے مطابق گلگت اسکردو روڈ گزشتہ 4 روز سے بند ہونے کے باعث سیکڑوں مسافر پھنسے ہوئے ہیں جبکہ شدید برفباری کی وجہ سے 700 گاؤں کا رابطہ بھی بلتستان ڈویژن کے بقیہ علاقوں سے منقطع ہے۔

مقامی حکام کے مطابق خطے میں گزشتہ 4 روز کے دوران ریکارڈ برف باری ہوئی ہے اور موسم کی شدت کے باعث پورے گلگت بلتستان میں معمولات زندگی معطل ہیں۔

واضح رہے کہ اسکردو ایئرپورٹ پر برف کے ڈھیر اور موسم خراب ہونے کی وجہ سے اسلام آباد سے اسکردو کے ساتھ ساتھ گلگت بلتستان کا فضائی رابطہ تقریباً ایک ہفتے سے منقطع ہے۔

شدید برف باری کی وجہ سے خطے کے کئی علاقوں میں سڑکیں، ٹیلی مواصلات اور بجلی کی فراہمی معطل ہے جس کے باعث طوفان سے دوردراز علاقوں کی معلومات حاصل کرنا مشکل ہوگیا ہے۔

خیال رہے کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں برفانی تودے گرنے کے نتیجے میں مزید 15 افراد جاں بحق ہونے کے بعد ملک بھر میں خراب موسم کے باعث حادثات میں اموات کی تعداد 109 ہوگئی ہے۔

 

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری